ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی بجٹ میں عوامی تجاویز کیلئے صرف تین دن کاموقع؟

بی بی ایم پی بجٹ میں عوامی تجاویز کیلئے صرف تین دن کاموقع؟

Sat, 21 Mar 2020 11:59:54    S.O. News Service

بنگلورو،20؍مارچ(ایس او نیوز) اقتصادی سال 2020-21 کیلئے بروہت بنگلورو مہا نگرا پالیکے (بی بی ایم پی) اپنے بجٹ کو آخری شکل دینے کی تیاریوں میں مصروف ہے اور اسی دوران بلدیہ نے اپنے اس سالانہ منصوبے کے سلسلہ میں تجاویز پیش کرنے کے لئے عوام اور شہریوں سے بھی درخواست کی ہے، مگر اس کے لئے شہریوں کوصرف تین دنوں کا وقت دیا گیا تھا اور آج اس کی آخری تاریخ ہے۔اس طرح صرف تین دنوں کا موقع دیئے جانے پر کئی شہریوں کا خیال ہے کہ کارروائی صرف رسمی ہے اور اس سے اصل مقصد حاصل ہونے والا نہیں ہے۔

بی بی ایم پی کمشنر بی ایچ انیل کمارنے منگل کے دن یہ اعلان کیا تھا کہ ”بی بی ایم پی کابجٹ برائے سال 2020-21 کی تیاری کی کارروائی جاری ہے، اس پس منظر میں اس بات کومناسب اور ضروری سمجھا گیا کہ عام عوام، اداروں اور تنظیموں کی طرف سیان کی تجاویز اور مشورے حاصل کئے جائیں، لہٰذا بنگلورشہر کے عام عوام، شہریوں اور اداروں سے گذارش کی جاتی ہے کہ اس سلسلہ میں وہ 20 مارچ تک اپنی تجاویز جمع کر دیں“۔شہری ماہر وی روی چندر کے بشمول کئی شہریوں کا کہنا ہے کہ بی بی ایم پی کو چاہئے کہ وہ زمینی سطح پر بجٹ کی تیاری کے نظام کو اختیار کرے، جس کی ابتداء وارڈ سطح پرہوتی ہو اور وہ زون کی سطح پرجمع ہو کر صدر دفتر تک پہنچتا ہو۔

روی چندر نے کہا کہ ”یہی نظام ہے جو اکثر شہروں میں اختیار کیا جاتا ہے، البتہ ہم لوگ اس نظام کے کہیں قریب بھی نہیں ہیں“، انہوں نے مزیدکہا کہ ”بجٹ دراصل ایک تفصیلی دستاویز ہوتا ہے، وسائل کی تقسیم کا کام صرف تین دنوں کے اندر انجام نہیں دیا جا سکتا، اگر بجٹ کی ترتیب کی کارروائی وارڈ سطح پر شروع ہوتی ہے تو اسی وقت یہ اپنے اصلی مقاصد کو پورا کر سکتا ہے، بجٹ کے سلسلہ میں صرف خیالات اور مشوروں کا حاصل کرنا ایک رسمی بات اور سیاق و سباق سے باہر ہوتا ہے“۔


Share: